خطۂ کوہسار کو خطۂ زہرا بنانے میں خواتین کا کردار قابلِ تحسین ہے، نوید نذیر فاطمی

نوید نذیر فاطمی

کوٹلی ستیاں (کوہسارنیوز)) خطۂ کوہسار کو خطۂ زہرا بنانے میں خواتین کا کردار قابلِ تحسین ہے، ان خیالات کا اظہارنوید نذیر فاطمی نے محفلِ جشنِ عید سے خطاب کرتے ہوئے کیا عالمی تحریک تاجدار ختمِ نبوت مخدومۂ کائنات سلام اللہ علیہا بنات الاسلام کے زیرِ اہتمام ہاجرہ نصیر ستی گولڑوی کی رہائش گاہ پر خواتین کی 11ویں محفلِ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کا روح پرور انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے بھر سے کثیر تعداد میں خواتین نے شرکت کی محفل زیرِ نگرانی ثانیہ نیلم اور انیلا راشد منعقد ہوئی، جبکہ محفل کو سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی نگاہِ کرم، بی بی سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کے فیضانِ نظر اور حضرت پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ، حضرت غوثِ اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت سید جلال الدین سرخ پوش رحمۃ اللہ علیہ کی روحانی نسبت حاصل رہی۔ محفل کی سرپرستی مرکزی چیئرپرسن نوید نذیر فاطمی نے کی جبکہ صدارت مذہبی اسکالر سیدہ عابدہ گیلانی نے کی۔محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت محترمہ سفینہ نے حاصل کی۔ بعد ازاں کمسن بچیوں اور نعت خواں خواتین نے انتہائی خوبصورت اور پرسوز انداز میں بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ گلدستے پیش کیے، جس سے محفل کا ماحول عشقِ رسول ﷺ سے معطر ہوگیا۔اس موقع پر عالمہ سمیرا جبین اور محترمہ جمیل جبین نے حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کے مختلف گوشوں پر مفصل اور جامع بیان کیا۔ انہوں نے سرورِ دو عالم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ کے مختلف پہلوؤں، آپ ﷺ کے اعلیٰ اخلاق، اسوۂ حسنہ، محبت، رحمت اور انسانیت کے لیے آپ ﷺ کی تعلیمات کو احسن انداز میں اجاگر کیامذہبی اسکالر سیدہ عابدہ گیلانی نے بھی محفل سے خصوصی خطاب کیا۔ ان کی پرسوز آواز اور روحانی اندازِ بیان نے محفل میں موجود خواتین کے دلوں کو محبتِ رسول ﷺ اور عقیدتِ اہلِ بیت سے منور کر دیا۔ ان کے خطاب کے دوران محفل میں روحانی کیفیت طاری رہی اور کتھے مہر علی کتھے تیری ثنا” کی صدائیں بھی بلند ہوتی رہیں۔محفل سے خطاب کرتے ہوئے عالمی تحریک تاجدار ختمِ نبوت مخدومۂ کائنات سلام اللہ علیہا بنات الاسلام کی مرکزی چیئرپرسن نوید نذیر فاطمی نے ہاجرہ نصیر ستی گولڑوی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہایت خوبصورت اور روح پرور محفل کا انعقاد کیا، جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہیں انہوں نے ضلع مری کی تمام خواتین ونگ کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین نے ہمیشہ کی طرح خطۂ کوہسار کو خطۂ زہرا کا خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ ضلع مری کی تمام خواتین اور خطۂ کوہسار کی بیٹیوں کو بی بی سیدہ فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی چادرِ رحمت و نسبت کا سایہ نصیب ہو۔نوید نذیر فاطمی نے کہا کہ مسلمان معاشرے میں عورت کو بنیادی اور اہم مقام حاصل ہے۔ مسلمان عورت اگر اپنے مقام، ذمہ داری اور کردار کو پہچان لے اور دینِ اسلام کی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگی گزارے تو وہ خاندان اور معاشرے کی اصلاح اور مسلمانوں کے عروج کا ذریعہ بن سکتی ہے، جبکہ عورت اگر اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو جائے تو اس کے اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی تحریک تاجدار ختمِ نبوت مخدومۂ کائنات بنات الاسلام کی بیٹیاں دینِ اسلام کی سربلندی، ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ، اسلامی اقدار کے فروغ اور خواتین کی دینی و اخلاقی تربیت کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ یہ قافلہ دینِ اسلام کی خدمت اور امتِ مسلمہ کی اصلاح کے لیے اپنا سفر جاری رکھے گا اور ایسی نسل کی تربیت میں کردار ادا کرے گا جس پر نبی کریم ﷺ کی امت ہونے پر فخر کیا جا سکے۔محفل کے اختتام پر نوید نذیر فاطمی صاحبہ نے ملک بھر، دینِ اسلام کی سربلندی، ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ، امتِ مسلمہ کے اتحاد، خطۂ کوہسار اور تمام اہلِ علاقہ کی سلامتی، خوشحالی اور خیر و برکت کے لیے خصوصی دعا کی۔ اس موقع پر خواتین نے درود و سلام پیش کیا اور محفل نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں