ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع مری کے افسران کی فنانشل مینجمنٹ کے حوالے سےتربیتی نشست

کوٹلی ستیاں (کوہسارنیوز)سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب لاہور کی جانب سے جاری کردہ مقررہ شیڈول کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع مری کے افسران کے لیے فنانشل مینجمنٹ اور سرکاری فنڈز کے مؤثر و شفاف استعمال کے حوالے سے خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی سیشن میں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے ماسٹر ٹرینر جناب رفیق صاحب نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع مری کے جملہ متعلقہ افسران، جن میں ڈی ای اوز، ڈپٹی ڈی ای اوز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) شامل تھے، کو فنانشل مینجمنٹ کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ٹریننگ کے دوران افسران کو سرکاری اداروں اور سکولز کو حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے مختلف فنڈز کے درست، شفاف اور قواعد و ضوابط کے مطابق استعمال، مالی ریکارڈ کی بروقت تکمیل، دستاویزات کی مناسب ترتیب، اخراجات کے ریکارڈ کی حفاظت اور مالی معاملات میں جوابدہی کے حوالے سے اہم نکات سے آگاہ کیا گیا۔ماسٹر ٹرینر محمد رفیق نے شرکاء کو اس امر پر بھی خصوصی توجہ دلائی کہ سرکاری فنڈز عوامی امانت ہیں، جن کا استعمال مقررہ قوانین، محکمانہ ہدایات اور مالی ضوابط کے مطابق کیا جانا ضروری ہے۔ انہوں نے فنانشل ریکارڈ کو مکمل اور باقاعدہ رکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے افسران کو عملی طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔تربیتی نشست میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں دستیاب مالی وسائل کو طلبہ و طالبات کی تعلیمی ضروریات، سکولز کی بہتری اور دیگر مجاز مدات میں بروئے کار لایا جائے تاکہ حکومتی وسائل کے ثمرات براہ راست تعلیمی اداروں تک پہنچ سکیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع مری کے افسران نے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے فنانشل مینجمنٹ کے حوالے سے تربیتی پروگرام کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تربیتی نشستیں افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ سرکاری فنڈز کے شفاف اور مؤثر استعمال میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تربیتی نشست میں حاصل ہونے والی معلومات اور رہنمائی کو اپنے متعلقہ دائرہ کار میں مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا، جبکہ ذیلی سکولز کے متعلقہ عملہ اور ذمہ داران تک بھی فنانشل مینجمنٹ کے اصولوں اور محکمانہ ہدایات کو منتقل کیا جائے گا تاکہ تمام تعلیمی اداروں میں مالی معاملات کو مزید منظم، شفاف اور قواعد کے مطابق بنایا جا سکے۔تربیتی سیشن کے اختتام پر افسران نے ماسٹر ٹرینر رفیق کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کا اظہار کیا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایسے تربیتی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہنے چاہئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں