اسلام آباد(کوہسار نیوز) پاکستان نے مکہ مکرمہ پر حوثی باغیوں کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دفترِ خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک گھناؤنا اقدام ہے، جس سے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہےاورحوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، خطے میں تنازعات کے حل کے لیے پاکستان ہمیشہ سفارت کاری اور پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
سجاد حیدر خان نے بتایا کہ بھارتی بحری جہاز نے 15 ستمبر 2026 کو پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی، جو دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کی .
اس واقعہ پر بھارت کے ناظم الامور کو گزشتہ رات دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ میں احتجاج کریں گے۔







