گورنر شپ اور حصہ نہ ملنے پر ایک جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں: محسن نقوی

محسن نقوی

اسلام آباد(کوہسارنیوز)گورنر شپ نہ ملنے پر ایک جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں: محسن نقوی،یہ وہی سیاستدان ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کرتے رہے
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں دعویٰ کیا کہ گورنر راج میں حصہ اور گورنر شپ نہ ملنے پر ایک جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں ، وہی سیاستدان ہیں جو ماضی میں کئی دہائیوں تک اسٹیبلشمنٹ کے سہارے سیاست کر تے رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ ان کا یہ حال تھا کہ اپنی سیاسی جماعت کے ہوائی ٹکٹ بھی اسٹیبلشمنٹ سے بنواتے تھے، ایسے سیاستدانوں کو آج دوسروں پر انگلیاں اٹھانا زیب نہیں دیتا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن غیرشائستہ زبان اورالزام تراشی کے بجائے دلائل اور حقائق کی بنیاد پر بات ہونی چاہیے،بعض سیاسی رہنماؤں کو آج سابق فاٹا کے اضلاع کے وسائل کے معاملے پر بہت تشویش ہو رہی ہے،جب کئی سال تک سابق فاٹا کے اضلاع کو ان کا جائز حصہ نہیں مل رہا تھا تو اس وقت یہ لوگ خاموش کیوں تھے؟
ان کا کہناتھا کہ اس وقت انہیں سابق فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے کوئی بیان دینا کیوں یاد نہیں آیا؟ سابق فاٹا کے عوام کے حقوق اور وسائل کا معاملہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہونا چاہیے،خیبرپختونخوا اس وقت سنگین سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، سیاسی رہنماآگ بھڑکانے اور انتشار پھیلانے کے بجائے امن و امان کی بحالی اوردہشتگردی کےخاتمےکیلئےاپنا کردار ادا کریں،خیبرپختونخوا کو اس وقت سیاسی محاذ آرائی نہیں بلکہ امن استحکام اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں