ملک گیر احتجاجی تحریک، پی ٹی آئی وفد کی فضل الرحمٰن سے ملاقات، مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات

اسلام آباد(کوہسار نیوز) ملک گیر احتجاجی تحریک، پی ٹی آئی وفد کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات، مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق،پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اور جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی) نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اہم قومی معاملات پر مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے اور ایک مضبوط اپوزیشن اتحاد قائم کرنے پر اصولی اتفاق کر لیا ہے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطح کے وفد نے بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، آئین کی بالادستی، اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ جدوجہد پر تفصیلی مشاورت کی گئی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اور پی ٹی آئی قیادت نے بتایا کہ جے یو آئی (ف) نے پی ٹی آئی کی جانب سے بلائی جانے والی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی حامی بھر لی ہے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹر راجہ ناصر عباس کی مشاورت سے اس کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے 15 ستمبر کو ایک اہم مشاورتی اجلاس دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔میڈیا بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بدامنی، اور بلوچستان و خیبر پختونخوا کے بگڑتے ہوئے حالات پر اپوزیشن خاموش نہیں بیٹھے گی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اور احتجاجی تحریک کی کال دی گئی ہے، جس کے لیے تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں بے چینی کی لہر دوڑ چکی ہے اور تمام محبِ وطن سیاسی جماعتیں مل کر اس حکومت کے خلاف اپنا آئینی کردار ادا کریں گی۔ دوسری طرف، پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے عزم ظاہر کیا کہ پارلیمنٹ کے اندر تمام اپوزیشن جماعتیں یک زبان ہو کر حکومت کی آئین مخالف پالیسیوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں