ملک بھر کے صارفین کیلیے بُری خبر،پیٹرول کے بعد بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ

بجلی مزید مہنگی

اسلام آباد(کوہسارنیوز)ملک بھر کے صارفین کیلیے بُری خبر،پیٹرول کے بعد بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ،سی پی پی اے نے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ قیمت میں اضافے کی درخواست جمع کرادی
کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، جس کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرادی گئی ہے۔اس درخواست کے منظور ہونے کی صورت میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 73 پیسے فی یونٹ اضافہ ہوسکتا ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے دائر درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 29 ستمبر کو سماعت کرے گی۔اس مجوزہ اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہونے کا امکان ہے۔
سی پی پی اے کے مطابق اگست میں ڈسکوز کو 14 ارب 46 کروڑ 40 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، جبکہ ڈسکوز کو فراہم کی جانے والی بجلی کی لاگت 8 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی۔
اگست میں پانی سے 37.84 فیصد بجلی پیدا کی گئی ہے۔ سی پی پی اے کے مطابق مقامی کوئلے سے 10.88 فیصد جبکہ درآمدی کوئلے سے 15.59 فیصد بجلی پیدا ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست میں فرنس آئل سے 2.15 فیصد بجلی پیدا کی گئی، جبکہ مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 7.04 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 8.48 فیصد رہا۔
سی پی پی اے کے مطابق فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 45.25 روپے فی یونٹ جبکہ درآمدی ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 45.92 روپے فی یونٹ رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں