کوٹلی ستیاں (کوہسار نیوز) اسسٹنٹ کمشنر آفس کوٹلی ستیاں میں جشن عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تقریبات کو شایانِ شان اور منظم انداز میں منعقد کرنے کے لیے ایک اہم جائزہ اجلاس اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں تیمور عادل کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں انتظامی، پولیس حکام، امن کمیٹی کے اراکین، تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، حفاظ و قراء حضرات اور دیگر معززین نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس ڈی پی او کوٹلی ستیاں ملک ندیم اعوان، تحصیلدار کوٹلی ستیاں سدرہ اعجاز قاضی، سینئر صحافی نوید ستی سمیت امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتبِ فکر کے علماء کرام موجود تھے۔اجلاس کے دوران جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں، جلوسوں، محافلِ میلاد اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام پروگراموں کو حتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر انتظامیہ اور پولیس حکام کی جانب سے سیکیورٹی، ٹریفک، صفائی ستھرائی، راستوں کی نگرانی اور دیگر ضروری انتظامات کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اسسٹنٹ کمشنر تیمور عادل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ تمام متعلقہ محکمے مذہبی پروگراموں کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ پُرامن اور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ تقریبات میں شرکت کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ جشن میلاد النبی ﷺ کے تمام پروگراموں کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے، ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات سے بچانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں شریک علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین نے انتظامیہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے تمام پروگرام مذہبی رواداری، بھائی چارے، محبت اور امن کے فروغ کے جذبے کے تحت منعقد کیے جائیں گے۔اس موقع پر سنی تنظیمات کے نمائندگان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جشن میلاد مصطفیٰ ﷺ بھرپور مذہبی جوش و جذبے، عقیدت و احترام اور نظم و ضبط کے ساتھ منایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی اور رحمت کا عظیم موقع ہے، اس لیے میلاد النبی ﷺ کی تقریبات میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔علماء کرام نے اس موقع پر اس امر پر بھی زور دیا کہ جشن میلاد النبی ﷺ کے دوران امن و امان، باہمی احترام اور مذہبی رواداری کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام مکاتبِ فکر ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے بھائی چارے کی فضا برقرار رکھیں گے۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کوٹلی ستیاں میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تمام تقریبات کو بہترین انتظامات، سیکیورٹی اور باہمی تعاون کے ساتھ منعقد کیا جائے گا تاکہ یہ بابرکت موقع مذہبی عقیدت، محبتِ رسول ﷺ اور امن و اتحاد کے پیغام کے ساتھ بھرپور انداز میں منایاجائے
کوٹلی ستیاں میں جشن عید میلاد النبی کی تقریبات، انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







