مذاکرات کیلئے تیار ہیں،بیرسٹرگوہر،لانگ مارچ موخر ہونے تک نہیں ہو سکتے:ثنااللہ

ثنااللہ

اسلام آباد(کوہسارنیوز)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ شہر میں کنٹینرکو حفاظتی اقدامات کے طور پر رکھا گیا ہے، کنٹینرسڑک کنارے پڑے ہیں اور سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے بیک ڈور رابطے اب بھی ہیں، لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک ان سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، لانگ مارچ سے متعلق صرف بیانات دیئے جارہے ہیں، عملی طورپرمارچ نہیں ہوگا۔
رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں کسی کو بھی چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر حکومت سے بات چیت پر آمادگی ظاہر کردی۔
ایک بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت میں اس وقت مسائل ختم کرنے کی سوچ نہیں ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی اور پی ٹی آئی قیادت بات چیت کے لیے تیار ہیں لیکن انہیں پتا ہے کس سے بات کرنی ہے ، بدقسمتی سے ابھی بات نہیں ہورہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر راج سے پہلے ہی خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگا ہوا ہے۔
دوسری جانب سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروا کر ملک کو مسائل سے نکالا جاسکتا ہے ، بانی سے ملاقات کا کوئی پیغام دیا بھی گیا تو ان تک نہیں پہنچا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں