پی ٹی آئی مارچ، اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز، خندقیں کھودنے کا کام شروع

خندقیں

اسلام آباد(کوہسارنیوز)پی ٹی آئی کے 27ستمبر مارچ کے پیش نظر اسلام آباد کے داخلی راستوں پر کنٹینرز، خندقیں کھودنے کا کام شروع،مزدور لگا دیئے گئے اہم شاہراہوں پر رکھے گئے کنٹینروں میں مٹی کی بوریاں بھرنے کا فیصلہ کیا گیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد کی طرف شیڈول لانگ مارچ کو روکنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں اور داخلی راستوں پر خندقیں کھودی جار ہی ہیں اور مورچے بنائے جارہے ہیں جس کے لیے مزدوروں کو کم پر لگایا گیا ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے مظاہرین کو داخلے سے روکنے کے لیے سخت اقدات کرتے ہوئے اہم شاہراہوں پر رکھے گئے کنٹینروں میں مٹی کی بوریاں بھرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ریڈزون کے گرد رکھے گئے کنٹینرز میں مٹی سے بھری بوریاں ڈالی جائیں گی، اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدروفت روکنے کے لیے مٹی کی بوریاں رکھی جائیں گی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ بوریوں میں مٹی بھرنے کے لیے درجنوں مزدوروں کو کام پر لگا دیا گیا ہے، مزدور صبح سے شام تک مٹی کی بوریاں بھرنے میں لگے ہوئے ہیں، بوریاں بھرنے کے لیے مٹی کی ٹرالیاں ریڈزون میں منگوائی جا رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ریڈزو ن کے داخلی راستوں پر مٹی کی بوریوں سے مورچے بھی بنائے جائیں گے اور مظاہرین کو روکنے کے لیے داخلی راستوں پر سڑکیں کھودنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ داخلی سڑکوں پر خندقیں کھودکر وہاں سے آمدورفت ناممکن بنانے کا پلان بنایا گیا، راولپنڈی اسلام آباد پولیس کے افسران کو خندقیں کھودنے کے لیے مشینری اور مزدور جمع کرنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔
ذرائع نے کہا کہ سڑکیں روکنے اور کنٹینروں میں بھرنے کے لیے دو لاکھ بوریاں مٹی سے بھرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا ہے، 26 نمبر چونگی، پیرودھائی، آئی جے روڈ سمیت خیبرپختونخواہ سے آنے والی سڑکوں پر خندقیں کھودی جائیں گی۔
خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کا اعلان کیا ہوا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر سے لاکھوں لوگ اس مارچ کا حصہ ہوں گے اور اسلام آباد پہنچیں گے۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ حکومت مارچ روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی اور کسی بھی اسلام آباد بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں