کوٹلی ستیاں (کوہسارنیوز،نوید ستی سے)یونین کونسل وگہل کی بحالی کی اپیل منظور، اہلیان وگہل کی طویل جدوجہد کامیابی سے ہمکنارالیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریجنل الیکشن کمشنر نے موضع وگہل کے لیے یونین کونسل کی اپیل منظور کر لی، 1962 سے قائم تاریخی شناخت برقرار رکھنے پر اہلیان وگہل کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، رفعت جاوید ستی سابق ممبر ضلع کونسل و نمبردار موضع وگہل رفعت جاوید ستی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ریجنل الیکشن کمشنر کی جانب سے موضع وگہل کے لیے یونین کونسل کی اپیل منظور کیے جانے پر اہلیان یونین کونسل وگہل کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ کامیابی علاقے کے عوام کے اتحاد، مسلسل جدوجہد اور اپنی تاریخی شناخت برقرار رکھنے کے عزم کا نتیجہ ہے۔رفعت جاوید ستی نے اپنے بیان میں کہا کہ یونین کونسل وگہل 1962ء کے بلدیاتی نظام کے تحت وجود میں آئی تھی۔ 1962ء سے 1965ء کے دوران بھی وگہل کے نام کو ختم کرنے کے لیے ایک کیس دائر کیا گیا تھا، تاہم راجہ منصبدار خان نے اُس وقت کے وزیر بلدیات میاں یاسین وٹو، جن کے ساتھ ان کے ذاتی تعلقات تھے، کے تعاون سے اس کیس کو ختم کروا دیا تھا اور یونین کونسل وگہل کی تاریخی حیثیت برقرار رہی۔انہوں نے کہا کہ 1964ء میں ملوٹ ستیاں اور جاوہ کو یونین کونسل سانٹھ سرولہ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا، جبکہ دھیرکوٹ ستیاں، دھیرکوٹ کٹھیوالاں اور دھنگراں کو یونین کونسل وگہل میں شامل کیا گیا۔ اب الیکشن کمیشن کے ریجنل الیکشن کمشنر کی جانب سے اپیل منظور ہونا اہلیان وگہل کے لیے ایک بڑی کامیابی اور تاریخی اہمیت کا حامل فیصلہ ہے۔رفعت جاوید ستی نے اس جدوجہد میں بھرپور ساتھ دینے والی تمام برادریوں اور اہل علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام افراد مبارکباد کے مستحق ہیں جو اس تحریک میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے ان تمام شخصیات کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا جن میں محمد عمران اور بیدارالحق ستی کے ذریعے مالی تعاون فراہم کیا اور تحریک کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔انہوں نے خصوصی طور پر جناب سفارش ستی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تحریک کے بنیادی محرک تھے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت ہائی کورٹ میں بھی درخواست گزار کی حیثیت سے اس جدوجہد کا حصہ رہے۔ ان کی انتھک کوششوں اور تمام ساتھیوں کے تعاون سے آج یہ اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔سابق ممبر ضلع کونسل و نمبردار موضع وگہل رفعت جاوید ستی نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہماری جدوجہد کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور 1962ء سے راجہ منصبدار خان سے منسوب یونین کونسل وگہل کے تاریخی نام اور شناخت کو برقرار رکھنے میں کامیابی حاصل ہوئی انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اہلیان وگہل کو اتحاد، اتفاق اور بھائی چارے کی مزید دولت سے مالامال فرمائے تاکہ علاقے کی ترقی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جا سکے۔
جدوجہد کامیابی سے ہمکنار،یونین کونسل وگہل کی بحالی کی اپیل منظور، رفعت جاوید ستی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







