کوٹلی ستیاں )کوہسارنیوز،نوید ستی سے)گزارا جات و شاملاتی اراضی سے عوامی حقداری بحال کی جائے، سردیوں میں سوختہ لکڑی کے حصول پر پابندی ختم کی جائے، عامر ریاض ستی۔ ممبر ایگزیکٹو کونسل پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل کوٹلی ستیاں و ممبر کوہسا پوٹھوار عامر ریاض ستی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزارا جات و شاملاتی اراضی اور جنگلات سے متعلق عوام کے دیرینہ تسلیم شدہ حقوق کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انگریز دور میں عوام کے حقوق کو باقاعدہ طور پر واجب العرض میں درج کیا گیا تھا، جن کے تحت مقامی لوگوں کو اپنی ملکیتی اراضی اور گزارا جات سے خشک لکڑی کے حصول سمیت دیگر حقداریاں حاصل تھیں، مگر افسوس کہ آج ان حقوق پر پابندیاں عائد کر کے مقامی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا گیا ہے۔عامر ریاض ستی نے کہا کہ ضلع مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں کے عوام کی زندگی پہلے ہی بنیادی سہولیات کے فقدان کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔ علاقے میں سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث بیشتر آبادی سردیوں میں گھروں کو گرم رکھنے اور کھانا پکانے کے لیے لکڑی پر انحصار کرتی ہے۔ ایسے حالات میں گزارا جات اور شاملاتی اراضی سے خشک درختوں اور سوختہ لکڑی کے حصول پر پابندی عوام کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب انگریز دور میں مری میں چھاؤنی اور دیگر تعمیرات کے لیے مقامی لوگوں سے اراضی حاصل کی گئی تو عوام کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں واجب العرض میں درج کیا گیا تھا۔ ان حقوق کو نظرانداز کرنا اور مقامی لوگوں کو ان کی جائز حقداری سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی ہے۔ خاص طور پر فوتگی کے موقع پر چیل کا درخت بطور حق فراہم کرنے کی روایت بھی عوام کے دیرینہ حقوق کا حصہ رہی ہے، جس کی بحالی ضروری ہے۔عامر ریاض ستی نے مزید کہا کہ گزارا جات اور شاملاتی اراضی پر جنگلات کے تمام قوانین کو بلاامتیاز لاگو کرنا اور وہاں جنگلات کے عملے کی تعیناتی کے ذریعے مقامی آبادی کو اپنی ملکیتی زمینوں سے محروم کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ عوام جنگلات کے دشمن نہیں بلکہ ان کے محافظ ہیں۔ اگر مقامی لوگوں کو ان کے جائز حقوق فراہم کیے جائیں تو وہ جنگلات کے تحفظ، آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام اور غیر قانونی کٹائی کے سدباب میں محکمہ جنگلات کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔انہوں نے ارباب اختیار، محکمہ جنگلات کے اعلیٰ حکام اور حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ گزارا جات و شاملاتی اراضی سے عوام کی روایتی حقداری بحال کی جائے، خشک اور سوختہ لکڑی بطور بالن حاصل کرنے کی اجازت دی جائے اور واجب العرض کے مطابق فوتگی پر چیل کا درخت فراہم کرنے کے سابقہ حق کو بحال کیا جائے تاکہ سردیوں کی آمد سے قبل مقامی آبادی کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔آخر میں عامر ریاض ستی نے کوٹلی ستیاں کے تمام سیاسی، سماجی رہنماؤں، کارکنوں، سول سوسائٹی اور گزارا سوسائٹی کے عہدیداران سے اپیل کی کہ وہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے متحد ہوں اور ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دے کر متعلقہ حکام کے سامنے اپنا مؤقف پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جائز حقوق کی بحالی کے لیے قانونی اور آئینی جدوجہد ناگزیر ہے، جس کے لیے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کے اعلی افسران ، ڈپٹی کمشنر ضلع مری سمیت منتخب ممبران اسمبلی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے
گزارا جات و شاملاتی اراضی سے عوامی حقداری بحال کی جائے،عامر ریاض ستی
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







