کوٹلی ستیاں (کوہسارنیوز،نوید ستی سے) کوٹلی ستیاں میں کروڑوں کی اراضی کی نشاندہی التوا کا شکار، شہری انصاف کے لیے دربدر،29 کنال 17 مرلے زمین کی نشاندہی کیوں نہ ہو سکی؟ اسسٹنٹ کمشنر سے تحصیلدار اور گرداور تک درخواست پہنچنے کے باوجود پیش رفت نہ ہونے کا دعویٰ، کمشنر راولپنڈی، ڈی سی مری اور وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری مداخلت کی اپیل،موضع دکھائیں میں شہری آزاد خان کی 29 کنال 17 مرلے قیمتی اراضی کی نشاندہی کا معاملہ التوا کا شکار ہونے پر متعلقہ محکمہ مال کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے۔ متاثرہ شہری نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زمین کی بروقت نشاندہی نہ ہونے کے باعث اس کی کروڑوں روپے مالیت کی اراضی قبضے یا کسی ممکنہ تنازع کی زد میں آ سکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق آزاد خان نے اپنے سالم رقبے، خسرہ نمبر 1743، کھیوٹ نمبر 165، رقبہ 29 کنال 17 مرلے کی باقاعدہ نشاندہی کے لیے متعلقہ حکام کو درخواستیں دے رکھی ہیں۔ شہری کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں نے درخواست تحصیلدار کو بھجوائی، جس کے بعد تحصیلدار نے معاملہ گرداور کو مارک کیا، تاہم اس تمام کارروائی کے باوجود نشاندہی کا عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ جب قانونی طریقہ کار کے تحت درخواستیں متعلقہ افسران تک پہنچ چکی ہیں تو پھر عملی کارروائی میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ زمین کی نشاندہی جیسے اہم معاملے کو غیرمعینہ مدت تک التوا میں رکھنا شہری کے لیے شدید تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ ان کے مطابق بروقت نشاندہی نہ ہونے سے اراضی کے تحفظ کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں اور کسی ممکنہ نقصان کی صورت میں انہیں ناقابلِ تلافی مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔آزاد خان نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر مری اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں، متعلقہ محکمہ مال سے تاخیر کی وجوہات طلب کریں اور قانون کے مطابق ان کی اراضی کی نشاندہی مقررہ مدت میں مکمل کروانے کے احکامات جاری کریں۔شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ زمین کی حدبندی اور نشاندہی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ تجاوز، قبضے یا اراضی کے تنازع سے بچا جا سکے اور انہیں اپنی ملکیتی زمین کے قانونی تحفظ کے لیے مزید دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔اب اہم سوال یہ ہے کہ جب شہری کی درخواست متعلقہ افسران تک پہنچ چکی ہے تو نشاندہی کا عمل اب تک مکمل کیوں نہیں ہوا؟ کیا متعلقہ حکام اس تاخیر کا نوٹس لے کر شہری کو ریلیف فراہم کریں گے یا قیمتی اراضی کی نشاندہی کے لیے اسے مزید انتظار کرنا پڑے گا؟ متاثرہ شہری کی اپیل پر متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنا بھی ضروری ہے۔
کوٹلی ستیاں میں کروڑوں کی اراضی کی نشاندہی التوا کا شکار، شہری انصاف کے لیے دربدر
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







