کوٹلی ستیاں(کوہسارنیوز،نویدستی سے) گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین میں ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد ایم پی اے بلال یامین ستی اور اسسٹنٹ کمشنر تیمور عادل کی خصوصی شرکت، پنجاب کالج ہولی فیملی کیمپس راولپنڈی کی ٹیم فاتح قرار، میزبان کالج رنر اَپ رہا گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کوٹلی ستیاں میں بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی کھیلوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں ایم پی اے پی پی 6 بلال یامین ستی اور اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی ستیاں تیمور عادل نے خصوصی شرکت کی۔ٹورنامنٹ میں میزبان ادارے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کوٹلی ستیاں، گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کہوٹہ اور پنجاب کالج برائے خواتین، ہولی فیملی کیمپس راولپنڈی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں نے بہترین کھیل، مہارت اور بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد پنجاب کالج برائے خواتین ہولی فیملی کیمپس راولپنڈی کی ٹیم نے میدان مار لیا، جبکہ میزبان گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کوٹلی ستیاں کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے رنر اَپ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔۔اس موقع پر کالج کی پرنسپل محترمہ ضمیر النساء نے طالبات کی محنت، لگن اور شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کالج میں فزیکل ایجوکیشن یا کھیلوں کے شعبے سے متعلق کوئی استاد تعینات نہیں، اس کے باوجود اساتذہ اور طالبات نے اپنی مدد آپ کے تحت مقابلوں کی تیاری کی اور بہترین نتائج حاصل کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود کالج کی انتظامیہ طالبات کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔پرنسپل ضمیر النساء نے مزید کہا کہ کالج میں اساتذہ کی شدید کمی کے باوجود اتنی بڑی اور کامیاب تقریب کا انعقاد ادارے کی ٹیم ورک، باہمی تعاون اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ معیاری سرکاری تعلیمی ادارے کسی بھی علاقے کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں اور ان کی ترقی و بہتری معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کوٹلی ستیاں پر اعتماد کرتے ہوئے اپنی بچیوں کو اس ادارے میں داخل کروائیں، تاکہ طالبات کو نصابی تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں اور ہمہ جہت تربیت کے بھرپور مواقع میسر آسکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کالج کا مقصد ایسی باصلاحیت اور پُراعتماد طالبات تیار کرنا ہے جو مستقبل میں علاقے کا نام روشن کرنے کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین کوٹلی ستیاں میں ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ
- فیس بک
- ٹویٹر
- واٹس ایپ
- ای میل







