راولپنڈی(کوہسارنیوز)پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ہے، صاحبزادہ فرحان نے بطور کپتان فاتحانہ آغاز کر دیا
پاکستان کی ٹیم نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 183 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 18.5 اوورز میں عبور کر لیا جس میں کپتان صاحبزادہ فرحان 89 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ معاذ صداقت نے 50 رنز بنائے ، ان کے علاوہ فخرزمان 21 اور خواجہ نافع 12 سکور بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس پر مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس میں اوپننگ پر آنے والے لاہیرو اوڈارا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 91 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ سینچری بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ ان کی بیٹنگ کی بدولت سری لنکا بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئے ۔ ان کے علاوہ مینڈس نے 23 اور داسن شناکا نے 18 رنز بنائے ۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے بہتر بولنگ کا مظاہرہ کیا اور سری لنکا کے 3 کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ محمد عمران نے 2 وکٹیں حاصل کیں ، ان کے علاوہ رضا اللہ ، شاداب خان اور صائم ایوب نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔







