افسوسناک واقعہ،چالان سے دلبرداشتہ شہری نے موٹر سائیکل کو آگ لگا دی

افسوسناک واقعہ

کوٹلی ستیاں (کوہسارنیوز،نوید ستی سے)کوٹلی ستیاں میں افسوسناک واقعہ،ٹریفک چالان سے تنگ شہری نے اپنی ہی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی، ریسکیو ٹیموں کی بروقت کارروا ئی۔ کوٹلی ستیاں کے علاقے میلاد چوک کے قریب ایک افسوس ناک اور غیر معمولی واقعہ پیش آیا ہے، جہاں بار بار ٹریفک چالان ہونے سے دلبرداشتہ ایک شہری نے غصے میں آکر اپنی ہی موٹر سائیکل کو آگ لگا دی۔موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہری ٹریفک پولیس کی جانب سے پے در پے چالان کیے جانے پر شدید ذہنی تناؤ اور تیش میں آ گیا۔ افسوسناک واقعہ میں میلاد چوک کے قریب اس نے احتجاجاً اپنی موٹر سائیکل پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ کے حوالے کر دیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے موٹر سائیکل نے شدید آگ پکڑ لی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ کوٹلی ستیاں اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری کارروائی کی اور آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث آگ مزید پھیلنے سے رک گئی ریسکیو 1122 کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بروقت امدادی کارروائی کی وجہ سے اس افسوسناک واقعہ میں کسی قسم کا جانی نقصان یا کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، تاہم موٹر سائیکل کو شدید نقصان پہنچا ہےپولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور شہری کے اس اقدام سے متعلق مزید قانون کارروائی اور تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے محرکات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں