ریاض(کوہسارنیوز)حوثیوں کا مدینہ منوہ کے گرڈ اسٹیشن پر حملہ،سعودیہ کا4 ڈرونز اور 2 بیلسٹک میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ منگل 29 ستمبر کی صبح 5 بج کر 11 منٹ پر مدینہ منورہ میں طیبہ گرڈ اسٹیشن کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کے مطابق متعلقہ حکام کی تحقیقات، شواہد اور حملے میں استعمال ہونے والے ڈرون کے ملبے کے تجزیے سے اس حملے کی منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد میں حوثیوں کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ حملے کے نتیجے میں بجلی کا ایک ٹرانسفارمر عارضی طور پر غیر فعال ہوا تاہم مجموعی طور پر بجلی کی ترسیل اور نیٹ ورک متاثر نہیں ہوا۔
سعودی اتحادی افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے جنوبی شہر خمیس مشیط پر داغے گئے 4 ڈرونز اور خمیس مشیط اور جازان کے علاقوں میں داغے گئے 2 بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی روک کر تباہ کر دیا گیا۔
اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اتحاد حوثی دہشت گرد ملیشیا کو روکنے کے لیے آپریشنل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اور ان پر عمل درآمد کر رہا ہے۔
یہ کارروائیاں حالیہ ہفتوں کے دوران سعودی عرب اور ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں نمایاں اضافے کے تناظر میں سامنے آئی ہیں۔







