اسلام آباد(کوہسار نیوز)حکومت کا ایک ہفتہ میں 5لٹر سے کم پٹرول استعمال کرنے والوں کو بھی ہفتے میں 500 روپے کی رعایت دینے کا فیصلہ،پرانی گاڑیاں اور موٹرسائیکل بھی شامل کر لئے گئے
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر 5 لیٹر سے کم پٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی اور مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا پورے میں اجرا ہوگیا ہے اور اس کے تحت 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے
اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آرا کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 5 لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی، ایک مہینے میں 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی اسکیم میں 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کریں گے اور یوں 3 ٹوکن کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی اسکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم کی ہدایت پریکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے، چنگ چی وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم ہر پہلو سے نگرانی خود کر رہے ہیں اور اسکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع اور پٹرول پر رعایت کی باعزت و باآسانی اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
سبسڈی اسکیم، کم پٹرول استعمال کرنے والوں کو بھی 500 کی رعایت دینے کا فیصلہ







