عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست پر اعتراض ختم، سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(کوہسارنیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی شفا اسپتال منتقلی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔سپریم کورٹ کے جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ توہین عدالت کی درخواست پر 16 ستمبر کو سماعت کرے گا، بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم بھی شامل ہوں گے۔بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست 16 ستمبر کو مرکزی کیس کے ساتھ سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے،قبل ازیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی بہن کی توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی تھی۔ذرائع نے بتایا تھا کہ سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے توہین عدالت درخواست پر اعتراض عائد کردیے ہیں اورتوہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے فریقین کے ساتھ الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہوا، ہم نے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت سینٹر پر میری رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، رجسٹرار سپریم کورٹ نے بتایا ہماری درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے، ہمیں توہین عدالت کی درخواست کی فائل واپس کردی گئی ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کریں گے، ہم چاہتے ہیں وہی بنچ آج ہی تشکیل دے دیا جائے تاکہ جمعرات کو سماعت ہو جائے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت بہت ضروری ہے، برائے مہربانی بانی پی ٹی آئی کی فیملی ممبران سے ملاقات کرائیں، ہم اپنا وعدہ پورا کر چکے ہیں۔بعد ازاں پی ٹی آئی کی توہین عدالت کی درخواست پر اعتراضات کو دور کردیا گیا، ذرائع نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے عائد اعتراض کو دور کر کے درخواست دوبارہ دائر کردی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں