پیپلز پارٹی سیاسی اختلافات کو کبھی ذاتی دشمنی کے آئینے میں نہیں دیکھتی:جبار ستی

مری(کوہسار نیوز)ممبر فیڈرل کونسل پاکستان پیپلز پارٹی اور صدر پیپلز پارٹی ضلع مری عبدالجبار ستی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا سیاسی موقف ہمیشہ آئین، قانون، جمہوریت اور پارلیمانی اقدار کے ساتھ رہا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ جمہوری رویوں کو فروغ دینے، سیاسی مکالمے کو آگے بڑھانے اور اختلافِ رائے کو جمہوری انداز میں حل کرنے کی بات کی ہے۔عبدالجبار ستی نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی اختلافات کو کبھی ذاتی دشمنی کے آئینے میں نہیں دیکھتی۔ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے اور سیاسی مخالف کو ذاتی دشمن سمجھنا پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت اور فکر کا حصہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ جمہوری سوچ ہے جو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی میراث ہے اور جسے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کے احترام، عوام کے مینڈیٹ اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے جدوجہد کی ہے۔عبدالجبار ستی نے مزید کہا کہ ملک کو آج بھی سیاسی محاذ آرائی کے بجائے سیاسی برداشت، مکالمے اور جمہوری رویوں کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی ہر سیاسی قوت کے آئینی اور جمہوری حق کا احترام کرتی ہے اور اسی رویے کو مضبوط جمہوریت کی بنیاد سمجھتی ہے۔عبدالجبار ستی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بنیادی نظریے اور جمہوری اصولوں پر نہ کل سمجھوتہ کرتی تھی، نہ آج کرے گی اور نہ آئندہ کرے گی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں