کشمیر الیکشن، ووٹ پر اٹھنے والے سوالات نے جمہوریت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا: جبار ستی

اسلام آباد(کوہسار نیوز)کشمیر کے عوام کے ووٹ پر اٹھنے والے سوالات نے جمہوریت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ جبار ستی صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع مری و ممبر فیڈرل کونسل پاکستان پیپلز پارٹی عبدالجبار ستی نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال نے عوام کے اعتماد کو شدید دھچکا پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے امیدواروں کی جانب سے انتخابی عمل پر سنجیدہ تحفظات اور دھاندلی کے ثبوت سامنے آئے ہیں جو ہماری قیادت نے چیف الیکشن کمشنر تک پہنچائے ، جنہیں محض سیاسی بیان سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔عبدالجبار ستی نے کہا کہ کشمیر ایک حساس قومی مسئلہ ہے، اس لیے یہاں ہر ووٹ کی حرمت معمول سے بڑھ کر اہمیت رکھتی ہے۔ اگر انتخابی عمل پر سوالات جنم لیں تو یہ صرف ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے جمہوری نظام کا مسئلہ بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے سے دوسرے مرحلے تک سامنے آنے والے اعتراضات اور دھاندلی اس بات کے متقاضی ہیں کہ تمام شکایات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی اصل طاقت بیلٹ بکس نہیں بلکہ عوام کا اعتماد ہے۔ اگر عوام کے ذہن میں نتائج کے بارے میں شکوک پیدا ہو جائیں تو محض کامیابی کا اعلان ان شکوک کو ختم نہیں کر سکتا۔عبدالجبار ستی نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنر انتخابی عمل سے متعلق سامنے آنے والے تمام تحفظات کا غیرجانبدارانہ جائزہ لے تاکہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین ہو کہ ان کے ووٹ کی حرمت ہر سیاسی مصلحت سے بالاتر ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں