مری: اسکول کے بچوں کی وین کو حادثہ، گاڑی میں آگ لگنے سے 10 بچے جھلس کر زخمی

وین

مری(کوہسارنیوز) اسکول کے بچوں کی وین کو حادثہ، گاڑی میں آگ لگنے سے 10 بچے جھلس کر زخمی،مری میں لوئر موہڑا بڑاہوترکے قریب اسکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچےجاگری جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی
مری: اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق مری میں لوئر موہڑا بڑاہوترکے قریب اسکول وین بے قابو ہوکر سڑک سے نیچےجاگری جس کے بعد وین میں آگ لگ گئی۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ گاڑی میں پرائیویٹ اور سرکاری اسکول کے بچے سوار تھے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر تمام بچوں کو نکال لیا، زخمی بچوں کو فوری طبی امدادکے بعد سول اسپتال مری منتقل کردیاگیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہےکہ ریسکیو فائرفائٹنگ ٹیم نےگاڑی میں لگی آگ پرقابوپالیا ہے۔ڈپٹی کمشنر مری کے مطابق حادثے میں 10 بچے جھلس کر زخمی ہوئے ہیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ کچھ بچوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی پی او مری رضا تنویر کے مطابق وین میں 2 نجی اسکولوں کے بچے سوار تھے۔ متاثرہ بچوں میں 8 سالہ ارحم ولد علی نواز تقریباً 38 فیصد جھلسنے سے زخمی ہوا، جبکہ 8 سالہ حسن طالب ولد محمد طالب کو تقریباً 26 فیصد جھلسنے کے باعث گہرے زخم آئے ہیں۔اسی طرح عائشہ دختر کلیم تقریباً 42 فیصد جھلسنے کے زخموں سے شدید متاثر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق باقی 8 بچے اس وقت مستحکم حالت میں ہیں۔ ان 8 بچوں میں سے 2 بچے جھلسنے سے محفوظ رہے، جبکہ باقی 6 بچوں کو 10 فیصد سے کم جھلسنے کے زخم آئے ہیں۔امدادی کارروائی کے دوران گاڑی میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جبکہ جائے حادثہ پر کولنگ کا عمل جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں