این اے 168 ضمنی انتخاب، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب

ضمنی انتخاب

بہاولپور(کوہسارنیوز)این اے 168 ضمنی انتخاب، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب،قومی اسمبلی کے حلقے این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ نون کے امیدوار ملک منیراقبال چنڑ کامیاب ہوگئے۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا۔ حلقے میں مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ اور آزاد امیدوار ولی داد چیمہ کے درمیان مقابلہ تھا۔
غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ 87789 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ مدمقابل آزاد امیدوار ولی دادچیمہ کو 39888 ووٹ ملے۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں ملک منیراقبال چنڑ کا کہنا ہے کہ حلف اٹھاتے ہی سب سے پہلے بہاولپور صوبے کا مطالبہ کروں گا۔ حلقے کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، جن کے حل کےلیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
این اے 168 میں ضمنی انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے، جبکہ 292 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام 5 بجے تک جاری رہی۔
حلقہ این اے 168 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن نے ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا، جبکہ ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں