کوہاٹ،ہنگو اور تھل میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 37 دہشت گرد ہلاک

دہشت گرد

کوہاٹ(کوہسارنیوز)خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 37 دہشت گرد ہلاک ہو گئےحالیہ دہشت گردی کے تناظر میں سیکیورٹی فورسز کے کوہاٹ، ہنگو اور تھل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، بھاری اسلحہ و گولہ بارود تباہ ہو گیا
خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشتگرد حملوں کے تناظر میں سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ، ہنگو اور تھل کے علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی ہیں، جس میں دہشتگرد تنظیموں کے ٹھکانوں اور محفوظ پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
صوبے میں سکیورٹی فورسز نے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 9 خوارج ہلاک کردیا جب کہ افغانستان سرحدی علاقے میں 3 دہشتگرد ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔
20 ستمبر کو سکیورٹی فورسز نے کوہاٹ اور ہنگو اضلاع میں دہشتگردوں کے ایک گروہ کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ گراؤنڈ آپریشن کیا۔ اس میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔
قابلِ اعتماد انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر افغانستان کے ساتھ سرحدی علاقے میں فتنۃ الخوارج اور اس سے منسلک دہشتگرد گروہوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو بھی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔
اس کارروائی کے دوران 3 اہداف کو تباہ کیا گیا، جن میں خودکش بمباروں کی تربیت کا مرکز بھی شامل تھا۔ اس کارروائی میں 28 دہشتگرد، متعدد خودکش بمباروں سمیت ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں دہشتگردوں کے مراکز اور ٹھکانوں میں ذخیرہ کیا گیا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔
سکیوٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے کوششیں کی ہیں،تاہم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔
افغانستان میں دہشتگردی کے مراکز کا موجود رہنا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے اور پاکستان کو درپیش دہشتگردی کا خطرہ افغانستان سے لاحق ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں